اداکارہ ہما سلیم کا نامعلوم کرکٹر پر ہراسانی اور دھمکیوں کا الزام؟
قانونی کارروائی کا اعلان کردیا

کراچی (یو این اے)پاکستانی اداکارہ اور ماڈل ہما سلیم نے ایک نامعلوم کرکٹر پر ہراسانی، دھمکیوں، ذہنی دبا اور ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کے الزامات عائد کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔ہما سلیم نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں دعوی کیا کہ گزشتہ دو ماہ سے ان کا مذکورہ کرکٹر کے ساتھ کسی قسم کا کوئی رابطہ یا تعلق نہیں، اس کے باوجود انہیں مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے، دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور ذہنی اذیت کا سامنا ہے۔اداکارہ کے مطابق جب بھی وہ اپنی ذاتی زندگی یا پیشہ ورانہ کام میں آگے بڑھنے کی کوشش کرتی ہیں تو انہیں مختلف طریقوں سے دبا کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان کے اہل خانہ، دوستوں اور پیشہ ورانہ ساتھیوں کو بھی اس معاملے میں نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ متعلقہ شخص نے ان کے ساتھیوں سے رابطہ کر کے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ہما سلیم نے کہا کہ وہ طویل عرصے تک خاموش رہیں، تاہم اب انہوں نے قانونی راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ان کے مطابق مناسب وقت آنے پر ان کی قانونی ٹیم متعلقہ فورمز پر تمام دستیاب شواہد اور حقائق پیش کرے گی۔اداکارہ نے عندیہ دیا کہ وہ آئندہ چند روز میں اس معاملے سے متعلق مزید معلومات بھی شیئر کر سکتی ہیں، تاہم انہوں نے اپنی کسی بھی پوسٹ میں متعلقہ کرکٹر کا نام ظاہر نہیں کیا اور نہ ہی کسی فرد کی شناخت سے متعلق کوئی اشارہ دیا ہے۔نوٹ: یہ الزامات اداکارہ ہما سلیم کی جانب سے عائد کیے گئے ہیں۔ خبر لکھے جانے تک متعلقہ کرکٹر یا کسی اور فریق کی جانب سے اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔



