
بگ بیش لیگ میں سڈنی سکسرز نے روایت سے ہٹ کر خاص طور پر 3 ہندسوں پر مشتمل ‘056’ جرسی نمبر دیا ہے
سڈنی(یو این اے)آسٹریلیا کی ٹی ٹونٹی لیگ بگ بیش(بی بی ایل)کی ٹیم سڈنی سکسرز نے پاکستان کے سٹار بیٹر بابر اعظم کیلئے منفرد جرسی نمبر متعارف کروا دیا۔ بابر اعظم جن کا قومی جرسی نمبر 56 ہے انہیں، بگ بیش لیگ میں سڈنی سکسرز نے روایت سے ہٹ کر خاص طور پر 3 ہندسوں پر مشتمل ‘056’ جرسی نمبر دیا ہے۔ فرنچائز نے سوشل میڈیا پر بابراعظم کی نئی جرسی کی تصاویر شیئر کیں، جن میں انہیں سڈنی کرکٹ گراونڈ میں نئے نمبر کے ساتھ جرسی پہنے دیکھا گیا۔رپورٹ کے مطابق بابر کو منفرد نمبر اس لیے دیا گیا کہ سڈنی سکسرز کی ٹیم میں شامل فاسٹ بولر مچل اسٹارک پہلے ہی جرسی نمبر 56 استعمال کر رہے ہیں۔ سڈنی سکسرز نے دونوں کھلاڑیوں کے جرسی نمبرز کو متعارف کراتے ہوئے لکھا کہ سیزن 15 میں بابراعظم 056 اور سٹارک 56 نمبر جرسی پہنیں گے۔ بابر رواں ہفتے بی بی ایل میں شرکت کے لیے سڈنی پہنچے تھے اور بی بی ایل کا آغاز 14 دسمبر سے ہوگا جس میں پاکستانی کرکٹر بابر اعظم سڈنی سکسرز کی نمائندگی کریں گے۔ واضح رہے کہ بگ بیش لیگ 14 دسمبر 25 جنوری 2026 تک جاری رہے گی، جس میں 44 میچز کھیلے جائیں گے۔



