تازہ ترینپاکستان

دو جھنڈوں کے درمیان بیٹھ کر جھوٹ بولتا ہے مریم اورنگزیب

ایک بزدل، فارن ایجنٹ، توشہ خانہ چور، گھڑی چور، ٹیرین کا والد اور توہین عدالت کا مجرم پولیس سے بھاگ رہا ہے،

اسلام آباد(یو این اے )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام پچھلے چند ماہ سے ایک تماشا دیکھ رہی ہے میرے خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ایک بزدل، فارن ایجنٹ، توشہ خانہ چور، گھڑی چور، ٹیرین کا والد اور توہین عدالت کا مجرم پولیس سے بھاگ رہا ہے، یہ شخص کہتا ہے کہ میں معذور اور بزرگ ہوں، میری ٹانگ پر پلستر اور میری جان کو خطرہ ہے۔ دو جھنڈوں کے درمیان بیٹھ کر جھوٹ بولتا ہے اور کہتا ہے کہ وہ تحریک کے لئے تیار اور عدالت جانے کے لئے بیمار ہے۔ یہ منافق، بزدل اور جھوٹا شخص ہے جو پاکستان میں خانہ جنگی، سول وار اور افراتفری چاہتا ہے اور تاثر دینے کی کوشش کر رہا ہے کہ حکومت اسے گرفتار کر رہی ہے انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کا عمران خان کی گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں، اگر حکومت نے گرفتار کرنا ہوتا تو ریاستی طاقت بھی موجود تھی، اختیار بھی موجود تھا جو عمران خان نے پچھلے چار سال اپنے سیاسی مخالفین کو جیل میں ڈال کر استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ شخص صرف اور صرف بچوں اور عورتوں کے مورچے میں چھپ کر بیٹھا ہے اور انسانی مورچے کو استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام کو پتہ ہونا چاہئے کہ عمران خان فارن فنڈنگ، ٹیرین، توشہ خانہ،جج زیبا کی توہین عدالت کے کیسز میں مطلوب ہے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کو پتہ ہونا چاہئے کہ جو ڈر گیا، وہ مر گیا، وہ شخص لیڈر نہیں ہوتا جو عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنا کر بنکر میں چھپ کر بیٹھا ہو۔ عمران خان کی سیاسی موت ہو چکی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میڈیا کو عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے اصل حقائق عوام کو بتانے چاہئیں۔ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے 65 پولیس افسران اس وقت تک زخمی ہو چکے ہیں، گلگت بلتستان کی فورس کو استعمال کر کے پنجاب پولیس کے اہلکاروں کے سر پھاڑے جا رہے ہیں، پولیس کے پاس کوئی اسلحہ نہیں ہے، پولیس عدالتی احکامات پر ایک مجرم کو گرفتار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے آپ کو بہادر خان کہنے والا شخص آج چارپائی کے نیچے چھپ کر بیٹھا ہے، اس نے تو بیرونی سازش پر امریکہ سے مقابلہ کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان مجرم ہے، اسے عدالت نے طلب کر رکھا ہے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عدالت اگر اس شخص کو اس وقت آئین شکنی پر گرفتار کرتی جب اس نے تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے لئے قومی اسمبلی تحلیل کی تھی تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا، عدالت اس کو 25 مئی کو گرفتار کرنے کا حکم دیتی جس دن اس نے ملک میں افراتفری مچائی اور لاشیں گرائیں، عدالت اس دن گرفتاری کا حکم دیتی جب پی ٹی آئی کے ایک عہدیدار کے گھر کی چھت سے پولیس اہلکار کو گولی لگی، عدالت اسے اس وقت گرفتار کرتی جب یہ شخص عدالت پر جتھے کے ساتھ حملہ آور ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کوئی سیاسی جماعت نہیں، یہ دہشت گردوں کا ٹولہ ہے، میڈیا کو بھی چاہئے کہ وہ اصل حقائق سامنے لائے انہوں نے کہا کہ عمران خان اگر فارن ایجنٹ نہیں، خیرات کے پیسے سیاست کے لئے استعمال نہیں کئے، منی لانڈرنگ نہیں کی، شوکت خانم ہسپتال کے پیسے ہائوسنگ سوسائٹیز میں نہیں لگائے تو عدالت میں جواب دے دیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں کو سمجھنا ہوگا، آج عمران خان عدالتی احکامات پر عدالت میں پیش نہیں ہوتے اور ان کے وارنٹ گرفتاری معطل کئے جاتے ہیں تو پھر پاکستان کے ہر شہری کے لئے یہ گنجائش فراہم کرنا پڑے گی انہوں نے کہا کہ حکومت کا عمران خان کی گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں، عمران خان کے وارنٹ گرفتاری عدالت نے جاری کئے، پولیس عدالتی احکامات پر عمل درآمد کر رہی ہے، دہشت گرد جتھے ریاستی اداروں پر حملہ آور ہیں، سیاسی جماعت کا لیڈر عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنا کر چھپتا نہیں بلکہ سینا تان کر گرفتاری دیتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button