
لاہور/کوئٹہ(یو این اے )پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صوبائی صدارت کی ذمہ داری شیخ جعفرمندوخیل کو سونپنے کافیصلہ کرلیاگیا اس سلسلے میں باقاعدہ اعلان پاکستان مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر وچیف آرگنائزر مریم نوازشریف کی کوئٹہ آمدکے موقع پر کیاجائے گاواضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں محمدنوازشریف کی زیرصدارت بلوچستان میں پارٹی کوآرگنائز کرنے سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے ذرائع کے مطابق مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے صدارت کی ذمہ داری مسلم لیگ(ن) کے متحرک رہنماء شیخ جعفرخان مندوخیل کوسونپا جائے گا اس سلسلے میں انہیں اہم ٹاسک بھی سونپ دیاجائیگا ،ذمہ داری دینے سے متعلق باقاعدہ اعلان پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر وچیف آرگنائزرمریم نوازشریف کی کوئٹہ آمد کے موقع پر کیاجائیگا مریم نوازشریف 23مارچ کوکوئٹہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب جبکہ 24مارچ کو پارٹی کے تنظیمی اجلاس میں شرکت کرینگی۔ واضح رہے کہ اس وقت مسلم لیگ(ن)بلوچستان کے صدر کی ذمہ داری قائم مقام صدر جمال شاہ کاکڑ کودی گئی ہے ۔اس حوالے سے شیخ جعفر خان مندوخیل سے رابطہ کیاگیا تو ان کاکہناتھاکہ میاںمحمدنوازشریف کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میںمریم نوازشریف ،راناثناء اللہ ودیگر نے شرکت کی تھی اجلاس میں بلوچستان کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے ۔صوبائی صدارت سے متعلق سوال کے جواب میں ان کاکہناتھاکہ جو ہوگا پارٹی قائدین کرینگے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا پارٹی کی جانب سے جو بھی ذمہ داری دی جائیگی اس کو بھرپور انداز میں نبھاتے ہوئے پارٹی کوفعال ومنظم کرینگے۔



