
کوئٹہ ،،ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے کوآرڈینیٹرز کی تقرری کا مقصد مختلف علاقوں میں جا کر عوام کے مسائل اور شکایات کو سننا اور اُنہیں وزیر اعلیٰ تک پہنچانا ہے. کوآرڈینیٹرز کی تقرری اعزازی ہے جس کے لیے کوئی مراعات نہیں دی جا رہیں. ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ عوام غلط پروپیگنڈوں پر کان نہ دھریں کوآرڈینیٹر کی تقرری وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن خوشحال بلوچستان کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے جس سے عوام اور حکومت کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں گے اور مسائل کے موثر حل کیلئے اقدامات اٹھائے جا سکیں گے فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ ریکوڈک منصوبہ نا صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کیلئے ترقی و خوشحالی کی نوید ثابت ہو گا. اس تاریخی معاہدہ سے عوام کی سماجی و معاشی ترقی کی راہیں ہموار ہوں گی.ریکوڈک منصوبے سے آٹھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ آٹھ ہزار سے زائد ملازمتیوں کے مواقعے بھی پیدا ہوں گے. ترجمان صوبائی حکومت محترمہ فرح عظیم شاہ نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے حکومت بلوچستان کے مؤقف کو تسلیم کرتے ہوئے منصوبے کو قانونی طور پر درست قرار دیا ہے جس سے عوام کا اپنی حکومت اور اداروں پر اعتماد مذید بڑھا ہے. ریکوڈک معاہدے کے خلاف کسی قسم کے پروپیگنڈے کو برداشت نہیں کیا جائے گا. بیرون ملک سے کچھ سازشی عناصر بلوچستان کو ترقی یافتہ ہوتے نہیں دیکھنا چاہتے. لیکن بلوچستان کی امن پسند,ترقی پسند اور باشعور عوام منصوبے پر عملدرآمد یقینی چاہتی ہے حکومت اپنی عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچنے دیں گی. ریکوڈک منصوبہ پر عملدرآمد سے بلوچستان میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہو رہا ہے. ریکوڈک منصوبہ بلوچستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور بلوچستان کی معاشی خودمختاری کی جانب اہم پیش رفت ثابت ہو گا. ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ پر تمام اسٹیک ہولڈر کو اعتماد میں لیا گیا ہے اس لئے یہ ایک عوامی نمائندگی کا حامل منصوبہ ہے جس سے عوام کی فلاح و بہبود ممکن ہو سکے گی.



