
اسلام آباد ۔۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین وزیر خارجہ بلاول بھٹو زر داری نے کہا ہے کہ جنیوا کانفرنس کے ذریعے وزیر اعظم اور حکومت نے ایک تیر سے دو شکار کئے ،ہدف سے زیادہ امداد حاصل کی اور اس دعوے کو بھی غلط ثابت کردیا پاکستان دنیا میں تنہا ہوگیا ہے، آٹھ ماہ کی محنت کا پھل نظر آرہا ہے ،عالمی برادری پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، ہم نے پاکستان کیخلاف سازشیں اور پروپیگنڈہ کرنے والوں کو بھی منہ توڑ جواب دیا ہے۔جنیوا کانفرنس کے حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف نے بدھ کو یہاں میڈیا کو بریفنگ دی اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں مخلوط حکومت کو مبارکباد دینا چاہوں گا کہ ہم نے 8 ماہ مل کر جو محنت کی اس کا پھل نظر آرہا ہے، وزیر اعظم کی خارجہ پالیسی کامیاب ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے ذریعے ایک تیر سے 2 شکار کیے ہیں، پوری دنیا پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہوئی اور ہم نے نہ صرف ہدف سے زیادہ امداد حاصل کی بلکہ اس دعوے کو بھی غلط ثابت کردیا کہ پاکستان دنیا میں تنہا ہوگیا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے خلاف سازشیں اور پروپیگنڈہ کرنے والوں کو بھی منہ توڑ جواب دے دیا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں اور سیلاب متاثرین کی مدد کی جائے تاکہ انہیں اس بحران سے نکالا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے درکار مطلوبہ رقم اکھٹی ہوچکی ہے، اب انشا اللہ ہمیں مل کر کام کرنا ہے اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ پاکستان کے سیلاب متاثرین کو یہ مدد پہنچا سکیں۔بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ سارے مسئلے حل ہوگئے ہیں، سیلاب متاثرین اس وقت بھی مشکل میں ہیں، آج بھی ملک میں انسانی بحران موجود ہے، میں پورے پاکستان سے اپیل کرتا ہوں کہ ہمیں اب بھی مدد کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہاکہ مشرق سے مغرب تک پوری دنیا نے ہماری مدد کی، کووڈ اور معاشی مشکلات کے باوجود عالمی برادری پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوںنے کہاکہ آج بھی سیلاب متاثرین مشکلات میں ہیں، بے گھر ہیں، زراعت کو نقصان پہنچا ہے، سب سے التجا ہے کہ جس قسم کی بھی امداد سیلاب متاثرین کے لئے بھیج سکتے ہیں بھیجیں اور اس مشکل وقت میں سیلاب سے متاثرہ بھائیوں کو یاد رکھیں



