
پشین ۔۔۔پشین شہر کا وسطی علاقہ مچان ٹاون میں چار ٹرانسفارمر جل گئے، پچاس ہزار سے زائد آبادی پر مشتمل علاقہ گزشتہ ایک ماہ سے مکمل تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے، بجلی نہ ہونے سے پینے کا پانی نایاب ہوگیا ہے، شہری زندگی ٹھپ ہوکر رہ گئی، علاقہ مکین بلبلا اٹھے۔ منتخب نمائندوں سمیت واپڈا اور متعلقہ حکام کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی، علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت چندہ اکھٹا کرکے ٹرانسفارمروں کی مرمت کرنے پر مجبور ہیں، مچان ٹاون کے مختلف محلوں اچکزئی محلہ، ناظم اصغرخان محلہ، گنج گلی محلہ، کاکڑان محلہ اور جان آڈا کے مکین اس شدید موسم میں گزشتہ ایک ماہ سے بجلی کی سہولت سے محروم ہیں، بجلی کی عدم موجودگی سے علاقے میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے، جبکہ دیگر روزمرہ کے معاملات بھی ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں، شہر کا وسطی علاقہ ہونے کے باوجود علاقہ مکین بدترین صورتحال سے دوچار ہیں، مچان ٹاون کے عوام نے حکومت، واپڈا اور منتخب نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے کے عوام پر ترس کھاتے ہوئے گنجان آبادی پر مشتمل علاقے میں بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔



