
کوئٹہ(یو این اے )اینٹی کرپشن بلوچستان نے محکمہ آبپاشی کی سرکاری گاڑیوں اور بھاری مشینری کی مبینہ طور پر کم قیمت پر نیلامی کے مقدمے میں کارروائی کرتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز (ڈی جی پی آر)کے ملازم آغا محمد کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس سے قبل اسی مقدمے میں طلحہ بگٹی کو بھی گرفتار کیا جاچکا ہے۔ذرائع کے مطابق محکمہ آبپاشی کی سرکاری گاڑیوں اور بھاری مشینری کی نیلامی میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ نیلامی کا اشتہار بڑے اخبارات میں شائع نہیں کیا گیا، جس سے نیلامی کے طریقہ کار اور شفافیت پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔اینٹی کرپشن حکام نے مقدمے کی مزید تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو بھی طلب کرلیا ہے، جبکہ نیلامی کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں اور ذمہ داران کے کردار کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔



