تازہ تریندنیاپاکستان

عوام عافیہ کی رہائی مقدس فریضہ سمجھتے ہیں، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

کراچی م۔گلوبل عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں انسانیت اور انصاف کے علمبردار عافیہ کی رہائی کیلئے کوششیں کر رہے ہیں،عوام کے نزدیک عافیہ کی رہائی مقدس فریضہ ہے، اگر کہیں بے حسی نظر آتی ہے تو وہ اقتدار کے ایوان ہیں ۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر جسٹس فار عافیہ ، ناروے (Justice for Aafia – Norway) کے سربراہ زمران احمد بٹ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے شرکاء سے گفتگو کر رہی تھیں ،اس موقع پر مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں کے رہنما اور عافیہ موومنٹ کے رضاکار بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ وزارت خارجہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق ڈاکٹر عافیہ کی صحت، حفاظت اور رہائی کیلئے سنجیدگی کے ساتھ اقدامات کر رہی ہوگی۔قوم آئندہ پیشی پر حکومت کی جانب سے سنجیدہ جواب کی توقع رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدہ کی وفات کے بعد تمام اہلخانہ ڈاکٹر عافیہ سے ٹیلی فون پر بات چیت کرنے کے منتظر ہیں۔جسٹس فار عافیہ ، ناروے کے رہنما زمران احمد بٹ نے کہا کہ دیار غیر میں مقیم پاکستانی بھی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم کا مقصد ناروے میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے خلاف ہونے والی ناانصافی اور رہائی کے معاملے پر ہر ایک کو متحد کرنا ہے۔ اس تنظیم کے دروازے مذہب، عقیدے، رنگ و نسل سے قطع نظر ہر ایک کے لیے کھلے ہیں۔ہمیں اپنی مظلوم بہن کے لیے کھڑے ہونے کے اپنے فرض سے آگاہ ہونا چاہیے جس کے ساتھ تقریباً 20 سال سے غیر منصفانہ سلوک روا رکھا گیا ہے۔انہوں نے ڈاکٹر عافیہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی رہائی تک مکمل تعاون کا یقین دلایا۔بعد ازاں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور ڈاکٹر عافیہ کے صاحبزادے احمد کے ہمراہ زمران احمدبٹ، پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور اور عافیہ موومنٹ کے رضاکار ڈاکٹر فوزیہ و عافیہ کی والدہ عصمت صدیقی کی قبر پر گئے اور ان کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button