
بلوچستان پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء سینیٹر اعظم سواتی کو اسلام آبادسے گرفتار کر لیا ۔ پولیس زرائع کے مطابق اعظم سواتی کو بلوچستان میں انکے خلاف درج مقدمات کی روشنی میں گرفتار کیا ہے۔ کچلاک پولیس تھانے میں ایف آئی آر کے اندراج کے بعد تفتیشی افسر کے سربراہی میں ٹیم اسلام آباد پہنچی جنہوں نے اعظم سواتی کو حراست میں لیا۔ زرائع کے مطابق اعظم سواتی کو سیکورٹی خدشات کے باعث کچلاک پولیس تھانے کی بجائے کوئٹہ کینٹ پو لیس تھانہ منتقل کیا جائیگا ۔ سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف فوجی قیادت کے خلاف جلسے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر نازیبا جملے کہنے پر مختلف شہریوں کی جانب سے درخواستوں پر مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ ان پر کوئٹہ کے علاقے کچلاک، گوادر کے علاقے پسنی، ژوب اور خضدار سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مقدمات درج ہیں۔



