
خیبر پختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر وفاقی حکومت نے گورنر کو مزید اختیارات دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ایمرجنسی کے دوران گورنر کے اختیارات سے متعلق آرڈیننس صدر مملکت کو بھجوا دیا ہے، جسے وزیراعظم کی ایڈوائس پر جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ آرڈیننس کے تحت ایمرجنسی کی صورت میں گورنر کو وسیع اختیارات حاصل ہوں گے، جبکہ صوبے کے 12 خصوصی اضلاع سے متعلق بھی اضافی اختیارات دیے جائیں گے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اسی آرڈیننس کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس ری شیڈول کیا گیا ہے، کیونکہ اسمبلی کا اجلاس طلب ہونے کے بعد آرڈیننس جاری نہیں کیا جاسکتا۔



