
کوئٹہ (یو این اے) بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری نے ملک میں گورنر راج کے نفاذ کی مخالفت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پورے ملک میں موجودہ حکومتیں ختم کرکے نئے انتخابات کا اعلان کیا جائے اور عوام کو آزادانہ طور پر اپنے نمائندے منتخب کرنے کا اختیار دیا جائے۔اپنے ایک بیان میں میر یونس عزیز زہری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سے ہزار اختلافات ہوسکتے ہیں، لیکن گورنر راج کسی بھی مسئلے کا حل نہیں۔ گورنر راج نافذ کرنے کے بعد کیا ضمانت ہے کہ حالات بہتر ہوجائیں گے اور اس اقدام سے کیا حاصل کرنا مقصود ہے؟انہوں نے کہا کہ اگر پورے پاکستان میں حکومتی رٹ کمزور ہے تو تمام صوبوں میں گورنر راج نافذ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں کسی کو بھی حکومت کرنے کا جواز حاصل نہیں، جبکہ فارم 47 کی حکومت سے عوام کو بہتری کی کوئی توقع نہیں ہے۔اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ ملک میں سیاسی بحران کے خاتمے کے لیے نئے انتخابات کا اعلان کیا جائے تاکہ تمام سیاسی جماعتوں اور عوام کو آزادانہ ماحول میں اپنے نمائندے منتخب کرنے کا موقع مل سکے۔



