
خضدار(یو این اے)ضلع خضدار کی تحصیل باغبانہ میں نامعلوم تخریب کاروں نے قومی شاہراہ پر واقع ایک پل کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا، جس کے نتیجے میں پل کو شدید نقصان پہنچا ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر تحصیل باغبانہ کے حدود میں واقع ایک پل پر بارودی مواد نصب کر رکھا تھا، جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے باعث پل کا ایک بڑا حصہ تباہ ہو گیا اور علاقے میں نقل و حمل کا سلسلہ متاثر ہوا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ اور پولیس فورس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرا میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔انتظامیہ اور پولیس نے علاقے سے گزرنے والی تمام چھوٹی و بڑی گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ متبادل راستے اختیار کریں اور دورانِ سفر شدید احتیاط برتیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔



