بلوچستانتازہ ترینپاکستان

بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کا پی ایف یو جے کی کال پر بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ

3 نومبر کو ملک گیر یومِ سیاہ منایا جائے گا، کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان

بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کا پی ایف یو جے کی کال پر بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ
بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کا پی ایف یو جے کی کال پر بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ

کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے) نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کی کال پر صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے حقوق کے لیے بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں جنرل کونسل اجلاس کے دوران حکمتِ عملی طے کرتے ہوئے 3 نومبر کو ملک گیر یومِ سیاہ منانے اور بلوچستان بھر میں احتجاجی مظاہرے کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔بی یو جے کا جنرل کونسل اجلاس صدر منظور احمد رند کی زیرِ صدارت کوئٹہ پریس کلب میں منعقد ہوا، جس میں پی ایف یو جے کی جانب سے اعلان کردہ احتجاجی تحریک کے انتظامات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں احتجاجی تحریک کو مثر بنانے کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دینے سمیت اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 3 نومبر کو ملک گیر یومِ سیاہ منانے کے بعد پریس کلبز کے باہر احتجاجی کیمپ قائم کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں کوئٹہ میں احتجاجی کیمپ لگانے کی تیاریاں تیز کرنے اور رابطہ مہم شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ کمیٹیاں سیاسی جماعتوں، وکلا تنظیموں، انسانی حقوق کی تنظیموں، سول سوسائٹی، مزدور تنظیموں اور میڈیا ورکرز سے رابطے کرکے انہیں احتجاجی تحریک میں شریک کرنے کے لیے اقدامات کریں گی۔اجلاس میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی جبری برطرفیوں، تنخواہوں اور واجبات کی عدم ادائیگی، بلوچستان میں مختلف اداروں کے بیوروز کی بندش، صحافیوں کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمات کے اندراج اور آزادی صحافت پر پابندیوں کی مذمت کی گئی۔ شرکا نے کہا کہ صحافیوں کا معاشی استحصال اور اظہارِ رائے پر قدغنیں کسی صورت قبول نہیں کی جائیں گی۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بی یو جے اپنی جدوجہد اور روایات کو برقرار رکھتے ہوئے پی ایف یو جے کی ملک گیر احتجاجی تحریک میں مثر کردار ادا کرے گی۔ شرکا نے میڈیا انڈسٹری کو درپیش مسائل اور صحافیوں کی ملازمتوں کے عدم تحفظ پر بھی تبادلہ خیال کیا اور برطرف ملازمین کی بحالی، ملازمتوں کے تحفظ اور تنخواہوں و واجبات کی ادائیگی کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا۔جنرل کونسل نے ملک کے مختلف شہروں میں صحافیوں کی گرفتاریوں اور میڈیا پر پابندیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گرفتار صحافیوں کو فوری رہا کیا جائے، آزادی صحافت اور اظہارِ رائے کو یقینی بنایا جائے اور صحافیوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button