

کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں سرداری نظام کے خاتمے سے متعلق قرارداد کے معاملے پر اپوزیشن ارکان کے درمیان اختلافات سامنے آگئے، جبکہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کے خطاب کے دوران ایوان میں شور شرابا بھی ہوا۔اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر میر یونس زہری نے مقف اختیار کیا کہ جب ایک قرارداد نمٹا دی گئی ہے تو اس معاملے پر دوبارہ بات کرنا درست نہیں۔اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے وعدہ کیا تھا کہ سرداری نظام کے خلاف ان کی قرارداد کو ایجنڈے میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر نے اپنا وعدہ پورا کیا اور قرارداد کو ایجنڈے میں شامل کیا گیا۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ وہ قرارداد میں تبدیلی کرکے اسے دوبارہ پیش کریں گے۔ ان کے خطاب کے دوران ایوان میں شور شرابا ہوا اور سرداری نظام کے خاتمے سے متعلق معاملے پر اپوزیشن ارکان کے درمیان اختلافات نمایاں ہوگئے۔



