
ڈیرہ اسماعیل خان (یو این اے) ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زرکانی میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے 6 خارجیوں کو ہلاک کردیا، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 اہلکار شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعب تعلقاتِ عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں نائیک غلام مرتضی اور سپاہی تاثیر احمد نے جامِ شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہید نائیک غلام مرتضی کا تعلق ضلع گجرات، جبکہ سپاہی تاثیر احمد کا تعلق ضلع تلہ گنگ سے تھا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے خارجی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں سمیت معصوم شہریوں کے قتل اور دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رکھی جائے گی تاکہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔



