بلوچستانتازہ ترین

مکران رخشان ڈویژن کے شہریوں کے شناختی کارڈز کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جان محمد بلیدی

گوادر کے شہریوں کے لیے پاکستان اور عمان کے درمیان دوہری شہریت کا معاہدہ کیا جائے، سینیٹر

مکران رخشان ڈویژن کے شہریوں کے شناختی کارڈز کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جان محمد بلیدی
مکران رخشان ڈویژن کے شہریوں کے شناختی کارڈز کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جان محمد بلیدی

اسلام آباد ،کوئٹہ(یو این اے )نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر جان محمد بلیدی نے سینیٹ آف پاکستان میں مکران اور رخشان ڈویژن کے شہریوں کے بلاک شناختی کارڈز کے معاملے پر توجہ دلا نوٹس پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں شناختی کارڈز کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، حکومت اس مسئلے کے حل کے لیے مثر اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تاریخی اور جغرافیائی صورت حال کے باعث ایران اور افغانستان سے ملحقہ علاقوں کے لوگوں کے درمیان صدیوں سے خاندانی، سماجی اور تجارتی تعلقات قائم ہیں۔ ان سرحدی روابط اور رشتہ داریوں کے تناظر میں شناختی کارڈز کی بندش نے متعدد خاندانوں کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا کہ گوادر ماضی میں سلطنتِ عمان کے زیر انتظام رہا اور پاکستان میں شامل ہونے کے بعد بھی وہاں کے بعض مقامی شہریوں کے پاس عمانی شہریت موجود ہے۔ حالیہ حکومتی اقدامات سے ایسے شہری متاثر ہوئے ہیں اور ان کے بینک اکانٹس بند ہونے کے باعث مالی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان گوادر کے مقامی شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عمان کے ساتھ دوہری شہریت کے معاہدے پر غور کرے تاکہ متاثرہ افراد کو مشکلات سے نجات مل سکے۔نیشنل پارٹی کے رہنما نے کہا کہ پاکستان نے بعض دور دراز ممالک کے ساتھ دوہری شہریت کے معاہدے کر رکھے ہیں، تاہم ہمسایہ ممالک کے ساتھ اس حوالے سے مناسب انتظامات نہ ہونے کے باعث سرحدی علاقوں کے شہری مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نادرا کے ریکارڈ میں اگر کسی خاندان کے ایک فرد کے پاس ایرانی شہریت کا دستاویز موجود ہو تو مبینہ طور پر پورے خاندان کے شناختی کارڈز بلاک کر دیے جاتے ہیں، جو دیگر اہل خانہ کے لیے بھی مشکلات پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی ایک فرد کی شہریت کی بنیاد پر پورے خاندان کو مشکلات سے دوچار کرنے کے بجائے ہر شہری کے معاملے کا الگ اور منصفانہ جائزہ لیا جائے۔سینیٹر جان محمد بلیدی نے حکومت پر زور دیا کہ مکران اور رخشان ڈویژن سمیت سرحدی علاقوں کے شہریوں کے بلاک شناختی کارڈز کے معاملات کا جائزہ لے کر قابلِ عمل حل نکالا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو قانونی و انتظامی مشکلات سے نجات دلائی جائے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button