
زیارت،کوئٹہ یو این اے ضلع زیارت کے مختلف علاقوں میں مشتبہ مسلح افراد کی دوبارہ نقل و حرکت اور مبینہ موجودگی کی اطلاعات کے بعد سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ سی ٹی ڈی بلوچستان کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس زیارت عبدالمالک درانی نے ڈی ایس پی/ایس ڈی پی او زیارت و سنجاوی سمیت ضلع بھر کے تمام ایس ایچ اوز کو خصوصی مراسلہ جاری کرتے ہوئے انتہائی چوکسی اختیار کرنے اور سیکیورٹی و حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کردی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی بلوچستان کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مشتبہ افراد گزشتہ تقریبا ایک ہفتے سے بعض اہم سڑکوں اور راستوں کے اطراف دکھائی نہیں دیے تھے، تاہم گزشتہ روز سمل زیڑری کے علاقے میں ان کی دوبارہ موجودگی کی اطلاعات موصول ہوئیں۔رپورٹ کے مطابق مشتبہ افراد نے علاقے کی ایک مقامی دکان سے اشیا خریدیں، جبکہ بعد ازاں بعض راہگیروں کو روک کر ان کے شناختی کارڈز اور موبائل فون چیک کیے اور انہیں جانے دیا۔ واقعے کے بعد مقامی آبادی میں تشویش پائی جاتی ہے۔سی ٹی ڈی کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق ساسٹھہ تھنگی میں ایک اسکول کے قریب بھی چار مسلح افراد کو دیکھا گیا، جنہوں نے مبینہ طور پر علاقے میں کچھ دیر گشت کیا اور بعد ازاں شام تقریبا 6 بجے سمل زیڑری کے اطراف واپس چلے گئے۔پولیس رپورٹ کے مطابق کلی زیڑری، اسپین ماغزی اور تور سکھر کے رہائشیوں میں بھی مشتبہ افراد کی مبینہ نقل و حرکت کے باعث خوف و تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ بعض خاندان اپنے اہل خانہ کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ایس پی زیارت کی جانب سے جاری مراسلے میں تمام متعلقہ پولیس افسران کو اپنے اپنے دائرہ اختیار میں غیر معمولی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے، گشت اور نگرانی بڑھانے اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے ضروری حفاظتی و انسدادی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔پولیس حکام نے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی اطلاع ملنے پر فوری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کیا جائے اور صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت کارروائی کی جائے۔ متعلقہ افسران سے سیکیورٹی اقدامات سے متعلق رپورٹ بھی مقررہ مدت میں اعلی حکام کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق حساس علاقوں میں گشت، نگرانی اور مشکوک سرگرمیوں کی مانیٹرنگ مزید بڑھائی جارہی ہے، جبکہ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاعات کی روشنی میں ممکنہ خطرات سے قبل از وقت نمٹنے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔



