
کوئٹہ یو این اے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کرتے ہوئے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ، بولان، واشک، آواران، سبی، خضدار، ہرنائی اور نوشکی میں کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران 15 خوارج ہلاک ہوئے جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے نتیجے میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو نقصان پہنچا ہے۔ تاہم کارروائیوں سے متعلق مزید تفصیلات اور ہلاک افراد کی شناخت کے حوالے سے معلومات سامنے نہیں آسکیں۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 15 خوارج کو ہلاک کرکے سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کے بہادر جوان قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان سے دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔



