سیاہ کاری کے الزام میں 60 سالہ خاتون اور مرد قتل، ملزم فرار

بولان/ڈھاڈر یو این اے بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے ڈھاڈر کے ایری گاوں میں سیاہ کاری کے الزام پر فائرنگ اور قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی 60 سالہ والدہ اور ایک مرد کو قتل کردیا اور واردات کے بعد فرار ہوگیا۔پولیس کے مطابق واقعہ ڈھاڈر کے نواحی علاقے ایری گاوں میں پیش آیا، جہاں ملزم نے مبینہ طور پر سیاہ کاری کے الزام میں اپنی والدہ شکران بی بی اور مرید خان چانڈیو کو نشانہ بنایا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق شکران بی بی کو مبینہ طور پر پھندا ڈال کر قتل کیا گیا جبکہ مرید خان چانڈیو کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔واقعے کی اطلاع ملنے پر حاجی شہر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دونوں مقتولین کی لاشیں تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کے بعد ڈی ایچ کیو اسپتال سبی منتقل کردیں، جہاں قانونی و طبی کارروائی مکمل کی گئی۔پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے واقعے کے مختلف پہلوں کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعے کی وجہ سیاہ کاری کا الزام سامنے آئی ہے، تاہم قتل کے اصل محرکات اور دیگر حقائق تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہوں گے۔ حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی جبکہ اہل علاقہ نے دو افراد کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ کسی بھی الزام کی صورت میں قانون ہاتھ میں لینے کے بجائے متعلقہ اداروں سے رجوع کیا جانا چاہیے، کیونکہ محض الزام کی بنیاد پر کسی شخص کی جان لینا سنگین جرم ہے۔پولیس حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے بعد واقعے کے مزید حقائق سامنے آنے کا امکان ہے، جبکہ تفتیشی ٹیم واقعے کے تمام پہلوں کا جائزہ لے رہی ہے۔



