
پولیس گشت اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہکوئٹہ یو این اے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں چوری، ڈکیتی اور موٹرسائیکل و موبائل فون چھیننے کی وارداتوں میں اضافے کے باعث شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں، مصروف شاہراہوں، بازاروں اور گلیوں میں جرائم پیشہ عناصر دن دہاڑے شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، جس کے باعث شہری خود کو غیر محفوظ تصور کرنے لگے ہیں۔شہری حلقوں کے مطابق مسلح ملزمان شہریوں کو روک کر اسلحے کے زور پر موٹرسائیکل، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان چھین کر فرار ہوجاتے ہیں، جبکہ مزاحمت کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی جاتی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل اور موبائل فون چھیننے کی وارداتیں اب صرف رات کے اوقات تک محدود نہیں رہیں بلکہ دن کے وقت بھی شہریوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔شہریوں کے مطابق موٹرسائیکل چھن جانے سے انہیں مالی نقصان کے ساتھ ساتھ روزگار اور آمدورفت کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ موبائل فون چھینے جانے سے قیمتی سامان کے علاوہ ذاتی ڈیٹا، رابطہ نمبرز اور دیگر اہم معلومات بھی خطرے میں پڑ جاتی ہیں۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس گشت میں اضافہ، اہم شاہراہوں اور حساس مقامات پر مثر نگرانی اور وارداتوں میں ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی ضروری ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جن علاقوں میں موٹرسائیکل اور موبائل فون چھیننے کی وارداتیں زیادہ ہورہی ہیں، وہاں اضافی پولیس نفری تعینات کی جائے۔شہریوں نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مختلف علاقوں میں دن اور رات کے اوقات میں گشت مثر بنایا جائے، ناکہ بندی اور مشتبہ افراد کی نگرانی میں اضافہ کیا جائے جبکہ سادہ کپڑوں میں اہلکار بھی تعینات کیے جائیں۔ اس کے علاوہ سیف سٹی کیمروں اور دیگر دستیاب ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کا عمل تیز کیا جائے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ صرف مقدمات کا اندراج کافی نہیں بلکہ وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے چھینا گیا سامان بھی برآمد کیا جانا چاہیے۔ شہریوں کے مطابق بروقت کارروائی نہ ہونے کی صورت میں جرائم پیشہ عناصر مزید وارداتیں کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں، جس سے شہر میں خوف و ہراس کی فضا مزید بڑھتی ہے۔شہریوں نے خود بھی احتیاط برتنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ضروری طور پر سنسان راستوں کے استعمال سے گریز کیا جائے، موبائل فون استعمال کرتے وقت اردگرد کے ماحول پر نظر رکھی جائے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جائے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ کوئٹہ جیسے صوبائی دارالحکومت میں جان و مال کا تحفظ پولیس اور متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی چوری، ڈکیتی اور موٹرسائیکل و موبائل فون چھیننے کی وارداتوں کا فوری سدباب کیا جائے، ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کی جائے۔



