
کوئٹہ: سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پاکستان ریلوے نے کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو جمعہ کے روز ایک دن کے لیے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو سبی ریلوے اسٹیشن تک محدود رکھا جائے گا۔ریلوے حکام کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور مسافروں کے جان و مال کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی اقدام کے طور پر کیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ کوئٹہ سے روانہ ہونے والی جعفر ایکسپریس اپنی مقررہ سروس انجام نہیں دے گی، جبکہ پشاور سے آنے والی ٹرین کو کوئٹہ پہنچنے کے بجائے سبی اسٹیشن پر روک دیا جائے گا۔ آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ سیکیورٹی اداروں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔پاکستان ریلوے کے ذرائع کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور جہاں ضرورت محسوس ہو وہاں مسافروں کے تحفظ کے لیے عارضی انتظامات کیے جاتے ہیں۔ اسی تناظر میں جعفر ایکسپریس کی ایک روزہ معطلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ادھر ٹرین کی معطلی کے اعلان کے بعد کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر مسافروں میں تشویش پائی گئی۔ پشاور، راولپنڈی، لاہور اور دیگر شہروں کا سفر کرنے والے متعدد افراد کو متبادل سفری ذرائع اختیار کرنا پڑے، جبکہ بعض مسافروں نے ریلوے حکام سے بروقت معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ریلوے انتظامیہ نے تمام مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ سفر پر روانہ ہونے سے قبل پاکستان ریلوے کی ہیلپ لائن یا متعلقہ ریلوے اسٹیشن سے رابطہ کرکے ٹرینوں کی آمد و روانگی اور آپریشن سے متعلق تازہ ترین معلومات ضرور حاصل کریں، کیونکہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر شیڈول میں مزید تبدیلی بھی ممکن ہے۔حکام کے مطابق ریلوے، ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی ادارے ریلوے ٹریک، اسٹیشنوں اور دیگر تنصیبات کی سیکیورٹی کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ سیکیورٹی صورتحال بہتر ہوتے ہی جعفر ایکسپریس سمیت دیگر ٹرین سروسز کو معمول کے مطابق بحال کر دیا جائے گا۔



