
خبر:کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو کی سخت ہدایات کے بعد اسما جتک کیس میں نامزد مرکزی ملزم ظہور جمال زئی سمیت دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے خضدار کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر داخلہ نے پولیس کو ہدایت کی تھی کہ اسما جتک کیس میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ نامزد ملزمان کی فوری گرفتاری اور کارروائی سے متعلق رپورٹ بھی طلب کی گئی تھی۔وزیر داخلہ کی ہدایات کے بعد خضدار کے مختلف نواحی علاقوں میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد مقامات پر چھاپے مارے۔ اطلاعات کے مطابق مرکزی ملزم ظہور جمال زئی کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ حکام کے مطابق ملزم کا گھر بھی مسمار کر دیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ فریق اسما جتک سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ کیس میں نامزد تمام ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔



