
کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ احتجاج ہر شہری کا جمہوری حق ہے، تاہم مسائل کا حل حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے تاجربرادری کے تحفظات دور کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔یہ بات انہوں نے انجمن تاجران بلوچستان کے مرکزی صدر رحیم آغا کی قیادت میں تاجربرادری کے وفد سے مذاکرات کے دوران کہی۔ ملاقات میں معاون خصوصی برائے محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین بلوچستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے، جبکہ چند عناصر دشمن ملک کے ایما پر صوبے میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں معصوم نوجوانوں اور خواتین کو نشانہ بنانا مقامی روایات کے بھی منافی ہے۔میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ قومی شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور حکومت امن و امان کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے تاجربرادری کو یقین دلایا کہ ان کے تمام جائز مسائل کے حل کے لیے حکومت سنجیدہ ہے اور اس سلسلے میں کل ایک بار پھر مذاکرات کا دور منعقد کیا جائے گا۔اس موقع پر تاجربرادری کے نمائندوں نے بلوچستان کی قومی شاہراہوں پر ٹرکوں اور آئل بازرز کو نذر آتش کیے جانے کے واقعات اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے متعلق اپنے تحفظات وزیر داخلہ کے سامنے رکھے اور مطالبہ کیا کہ تاجروں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔



