بلوچستانتازہ ترین

بلوچستان ہائی کورٹ کمیٹی کا اجلاس شہید سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کو خراجِ عقیدت

مسلح حملے میں شہید سیشن جج اور گن مین محمد زمان کی خدمات کا اعتراف

بلوچستان ہائی کورٹ کمیٹی کا اجلاس شہید سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کو خراجِ عقیدت
بلوچستان ہائی کورٹ کمیٹی کا اجلاس شہید سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کو خراجِ عقیدت

کوئٹہ(یو این اے)عدالت عالیہ بلوچستان کے معزز جج صاحبان کی کمیٹی کا ایک اجلاس بنام چیف جسٹس، جناب جسٹس محمد کامران خان ملاخیل کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں معزز چیف جسٹس اور معزز جج صاحبان کی جانب سے نہایت گہرے رنج و الم کے ساتھ اس امر کا اظہار کیا گیا کہ 23 جولائی 2026 کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، جناب عبدالحکیم کاکڑ (مرحوم)کو دلی خان کراسنگ کے قریب ایک مسلح حملے میں اس وقت شہید کر دیا گیا، جب وہ اپنے سرکاری فرائض کی انجام دہی کے سلسلے میں کوئٹہ سے مستونگ جا رہے تھے۔ جناب عبدالحکیم کاکڑ (مرحوم)ایک نہایت دیانت دار، فرض شناس، باکردار اور محب وطن عدالتی افسر تھے، جن کی پیشہ ورانہ ساکھ ہر قسم کے داغ سے پاک اور بے مثال تھی۔ انہوں نے اپنی پوری عملی زندگی کے دوران غیر جانبدارانہ دیانت، بے لوث وابستگی، انتھک محنت اور بے مثال جرات کے ساتھ انصاف کی فراہمی کے مقدس فریضے کی انجام دہی کی۔ دورانِ منصبی فرائض اپنی جان کا عظیم ترین نذرانہ پیش کرتے ہوئے انہوں نے فرض شناسی، جرات اور ایثار کی ایک درخشاں مثال قائم کی، اور راہِ خدمت میں شہادت کا عظیم مرتبہ حاصل کیا۔معزز چیف جسٹس اور معزز جج صاحبان کی جانب سے اس افسوسناک واقعے میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جناب طارق علی لاشاری کے زخمی ہونے پر دلی افسوس کا اظہار کیا گیا اور ان کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعا کی گئی۔ مزید اس اندوہناک سانحے میں سیشن جج کے بہادر گن مین شہید محمد زمان کو اپنے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے بہادری، وفاداری اور فرض شناسی کی لازوال مثال قائم کرنے پر عدلیہ ان کی خدمات اور ایثار کو انتہائی قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اللہ تعالی سے دعا گو ہے کہ وہ شہید محمد زمان کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button