کوئٹہ میں نجی ہیلتھ سینٹر سے نومولود بچے کی تبدیلی کا معاملہ، صوبائی وزیر صحت کا سخت نوٹس
January 7, 2026
کوئٹہ میں نجی ہیلتھ سینٹر سے نومولود بچے کی تبدیلی کا معاملہ، صوبائی وزیر صحت کا سخت نوٹس
کوئٹہ(یو این اے ) کوئٹہ نجی ہیلتھ سینٹر سے نومولود بچے کی مبینہ تبدیلی کے سنگین واقعے پر صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی ہر پہلو سے مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا ہے کہ بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کو واقعے کی مکمل تحقیقات کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے اور کمیشن 24 گھنٹوں کے اندر واقعے سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحقیقات کا عمل مکمل طور پر میرٹ پر کیا جائے گا اور کسی کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی۔بخت محمد کاکڑ کا کہنا تھا کہ وہ متاثرہ بچوں کے والدین سے براہِ راست رابطے میں ہیں اور حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقات کے بعد جہاں بھی غیر قانونی عمل یا غفلت ثابت ہوئی، وہاں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور بھرپور قانونی کارروائی کی جائے گی۔صوبائی وزیر صحت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کے اعتماد کو مجروح کرنے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور صحت کے شعبے میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔