ڈیرہ اللہ یار،وینزویلا پر امریکی حملے اور صدر نکولس ماڈورو و اہلیہ کے اغوا کے خلاف پاپولر لیفٹ الائنس کا احتجاج
January 6, 2026
ڈیرہ اللہ یار،وینزویلا پر امریکی حملے اور صدر نکولس ماڈورو و اہلیہ کے اغوا کے خلاف پاپولر لیفٹ الائنس کا احتجاج
ڈیرہ اللہ یار(یو این اے )پاپولر لیفٹ الائنس کی جانب سے جعفرآباد پریس کلب کے سامنے امریکا کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس سے کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان بلوچستان کمیٹی کے رکن کامریڈ فرحاد رند اور کامریڈ غلام محمد جمالی نے خطاب کیا۔ مقررین نے وینزویلا پر امریکی حملے اور صدر نکولس ماڈورو اور ان کی شریکِ حیات سیلیا فلورس کے اغوا کو سامراجی غنڈہ گردی قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی۔مقررین کا کہنا تھا کہ یہ اقدام دنیا کے تمام قوانین اور اصولوں کے خلاف کھلی جارحیت ہے اور دراصل وینزویلا کے تیل کے ذخائر پر قبضے کی کوشش ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صدر نکولس ماڈورو اور ان کی اہلیہ کو فوری طور پر باعزت طریقے سے رہا کرکے اپنے ملک واپس بھیجا جائے۔انہوں نے کہا کہ جہاں بھی تیل، گیس اور قدرتی معدنیات موجود ہیں وہاں سامراجی قوتوں کی جانب سے پراکسی جنگیں مسلط کی جاتی ہیں، امریکا سازشوں اور رجیم چینج کے ذریعے اپنے مفادات حاصل کرتا ہے، اور جہاں یہ ممکن نہ ہو وہاں براہِ راست کارروائیاں کی جاتی ہیں۔ مقررین نے عراق، لیبیا اور دیگر ممالک کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ سامراجی مداخلت نے دنیا کو غیر محفوظ بنا دیا ہے۔مقررین نے عالمی عوام سے اپیل کی کہ وہ بیدار ہو کر سامراجیت کے خلاف متحد ہوں، جبکہ واضح کیا گیا کہ پاپولر لیفٹ الائنس نے امریکا کی اس کارروائی کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔