زیارت، قلعہ سیف اللہ اور قلات میں شدید سردی کی لہر، درجہ حرارت منفی سطح پر پہنچ گیا
January 6, 2026
زیارت، قلعہ سیف اللہ اور قلات میں شدید سردی کی لہر، درجہ حرارت منفی سطح پر پہنچ گیا
کوئٹہ(یو این اے )زیارت میں گزشتہ روز ہونے والی شدید برفباری کے بعد سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔ شدید سرد موسم کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہیں جبکہ کاروباری مراکز جزوی طور پر بند نظر آ رہے ہیں۔ انتہائی سردی کے باعث شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، گیس کی عدم فراہمی نے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زیارت میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شدید سردی سے بزرگوں، بچوں اور مریضوں کو خاص مشکلات کا سامنا ہے۔قلعہ سیف اللہ شہر اور مضافات میں یخ بستہ ہواں کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ سردی بڑھتے ہی گرم کپڑوں کی دکانوں پر رش دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ خشک لکڑی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، خشک لکڑی کی فی من قیمت بارہ سو روپے تک پہنچ گئی ہے۔قلات شہر اور گردونواح میں خون جما دینے والی سردی میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شدید سردی کے باعث درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے چلا گیا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شدید سرد موسم میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور گیس کی مکمل بندش کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو چکے ہیں۔