سیاست فنا پذیر چیز نہیں بلکہ ایک تسلسل ہے،میر طاہر بزنجو
January 4, 2026
سیاست فنا پذیر چیز نہیں بلکہ ایک تسلسل ہے،میر طاہر بزنجو
کوئٹہ (یو این اے)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما، سابق سینیٹر اور دانشور میر طاہر بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچ قوم پرستوں کے درمیان اتحاد کی کمی عشروں سے زیر بحث ہے، مگر آج بھی ہر باشعور سیاسی کارکن اور بلوچ دانشور کی یہ خواہش ہے کہ قوم پرست جماعتیں متحد ہوں اور ان کی زبان و قلم ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ سیاست فنا پذیر چیز نہیں بلکہ ایک تسلسل ہے، شخصیات آتی جاتی ہیں لیکن سیاسی عمل جاری رہتا ہے۔ اگر قوم پرست قوتیں ایک دوسرے پر الزام تراشی اور نفرت کی سیاست کے بجائے اپنی غلطیوں سے سیکھیں اور باہمی احترام کے ساتھ آگے بڑھیں تو اتحاد کی کوئی نہ کوئی راہ ضرور نکل سکتی ہے۔میر طاہر بزنجو کا کہنا تھا کہ یہ وقت آپس کی چپقلش میں توانائی ضائع کرنے کا نہیں بلکہ مشترکہ جدوجہد کے لیے خود احتسابی اور شعوری فیصلوں کا ہے، کیونکہ قوموں کی تقدیر اختلافات میں نہیں بلکہ وحدت میں پنہاں ہوتی ہے۔