شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو اقتدار کا اصل مالک بنایا،عبید گورگیج
January 4, 2026
شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو اقتدار کا اصل مالک بنایا،عبید گورگیج
کوئٹہ(یو این اے )رکن بلوچستان اسمبلی حلقہ پی بی 44 اور رہنما پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان میر عبید گورگیج نے قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے یومِ پیدائش کے موقع پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو برصغیر کے انقلابی رہنماں میں سے تھے جنہوں نے سیاست کو اشرافیہ سے نکال کر عام آدمی تک پہنچایا اور پاکستان کو ایک مضبوط جمہوری ریاست کی بنیاد فراہم کی۔ میر عبید گورگیج نے کہا کہ شہید بھٹو نے مزدور، کسان، طلبہ اور پسماندہ طبقات کو نہ صرف آواز دی بلکہ انہیں اپنے حقوق کے تحفظ کا شعور بھی دیا۔ 1973 کا متفقہ آئین، صوبائی خودمختاری کا تصور، اسلامی دنیا میں پاکستان کا وقار اور قومی خودداری پر مبنی خارجہ پالیسی شہید بھٹو کے تاریخی کارنامے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی قائدِ عوام کے عوام دوست نظریے کی امین ہے اور ملک میں جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی فلاح کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے بھی اپنے والد کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے آمریت کے خلاف جدوجہد کی اور جمہوریت کی بحالی کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔ میر عبید گورگیج نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے احسان مند ہیں جنہوں نے صوبوں کو آئینی حقوق دیے اور وفاقی نظام کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا۔ آج بلوچستان میں ترقیاتی منصوبے، عوامی نمائندگی اور سیاسی شعور بھٹو فلسفے کا تسلسل ہیں۔ میر عبید گورگیج نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بھٹو شہید کے افکار و نظریات کی روشنی میں حلقہ پی بی 44 سمیت پورے بلوچستان کے عوام کی خدمت، جمہوری اقدار کے فروغ اور صوبے کی ترقی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور قائدِ عوام کے مشن کو ہر صورت آگے بڑھایا جائے گا۔