پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے تحت صوبہ بھر میں اسٹریٹ موومنٹ
December 30, 2025
وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی ، تحریک انصاف بلوچستان کی اسٹریٹ موومنٹ میں بھرپور شرکت کرینگے،داد شاہ کاکڑ
کوئٹہ(یو این اے )پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر داد شاہ کاکڑ، جنرل سیکرٹری جہانگیر رند اور صوبائی سینئر نائب صدر سید صادق آغا نے کہا ہے۔ کہ پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے تحت صوبے بھر میں اسٹریٹ موومنٹ کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، جس کا مقصد عوام کو ان کے آئینی، جمہوری اور بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے متحرک کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام طویل عرصے سے بدانتظامی، مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی جیسے سنگین مسائل کا شکار ہیں، جن کے حل کیلئے منظم عوامی جدوجہد ناگزیر ہو چکی ہے۔رہنماں نے کہا کہ اس اسٹریٹ موومنٹ کے تحت ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر کارکنان اور عوامی نمائندوں کو فعال کیا جا رہا ہے تاکہ عوامی آواز کو منظم اور مثر انداز میں ایوانوں تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کی جدوجہد پرامن، آئینی اور جمہوری دائرے میں رہتے ہوئے جاری رہے گی، اور کسی بھی غیر جمہوری یا غیر آئینی اقدام کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ بیان میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے تحریک انصاف بلوچستان کی اسٹریٹ موومنٹ کا حصہ بننے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان کی حمایت سے کارکنان کے حوصلے مزید بلند ہوں گے اور صوبوں کے درمیان یکجہتی کو فروغ ملے گا۔ رہنماں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل میں مماثلت پائی جاتی ہے، اور مشترکہ جدوجہد ہی ملک میں حقیقی تبدیلی کا راستہ ہموار کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوامی طاقت پر یقین رکھتی ہے اور یہی طاقت ملک کو درپیش بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔انہوں نے بلوچستان کے عوام، نوجوانوں، خواتین اور محنت کش طبقے سے اپیل کی کہ وہ اس اسٹریٹ موومنٹ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ایک مضبوط، خودمختار اور خوشحال پاکستان کے قیام کیلئے تحریک انصاف کا ساتھ دیں۔