
پشین(یو این اے )پشین شہر میں معمولی تکرار پر فائرنگ سے پشتونخوا میپ کے رہنما عیسی روشان کا نوجوان بیٹا جان بحق ہوگیا پولیس نے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پشین پولیس نے بتایا کہ پشین شہر کے بلال کالونی میں رہائش پذیر پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد عیسی روشان کے صاحبزادے اباسین خان اور ملزم نجیب الرحمن ولد عثمان غنی کے درمیان معمولی تکرار کے بعد ملزم نجیب الرحمن نے مبینہ طور پر پستول سے فائرنگ کی جسکے نتیجے میں مسمی اباسین خان گولی لگنے سے موقع پر جان بحق ہوگیا۔ پشین سٹی پولیس نے موقع پر پہنچ کر مقتول اباسین خان کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال پشین پہنچایا، جبکہ ملزم نجیب الرحمن کو اپنے دو بھائیوں فضل الرحمن اور نقیب الرحمن سیمت موقع سے گرفتار کرلیا، مذید تفتیش پشین پولیس کررہی ہے۔ دریں اثنا واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پشین کے مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنان ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پشین پہنچ گئے، اور واقعہ پر شدید رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔



