
کوئٹہ ،اسلام آباد(یو این اے )سپریم کورٹ نے کوئٹہ میں قتل ہونے والے وکیل عبدالرزاق شر کیس میں چیرمین پی ٹی آی کو9 اگست تک گرفتارنہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے بلوچستان حکومت کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دینے کی استدعا مسترد کردی۔ جسٹس یحیی آفریدی نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو آئندہ سماعت پر بھی پیش ہونا ہوگاجسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی کوئٹہ وکیل قتل مقدمے سے نام نکالنے کی درخواست پر سماعت کی۔
جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس مسرت ہلالی بھی بینچ میں شامل ہیں۔ چیرمین پی ٹی آی وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے پوچھا کہ کس بنیاد پر عمران خان کو شامل تفتیش کرنا چاہتے ہیں؟ ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان بولے کہ ایف آئی آر کے مطابق عمران خان کو شامل تفتیش کرنا چاہتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو کہیں وہ تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہوں۔ عدالت نے پراسیکیوٹر بلوچستان کی چیئرمین پی ٹی آئی کو شامل تفتیش ہونے کی استدعا مسترد کردی .
عدالت عظمی نے مقدمے میں لمبی تاریخ دینے کی چیئرمین پی ٹی آئی کی استدعا بھی مسترد کردی۔ جسٹس یحیی آفریدی نے ریمارکس دیے کہ اٹارنی جنرل نے رپورٹ فائل کی ہے، ہم نے کچھ چیزیں دیکھنی ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو آئندہ سماعت پر بھی پیش ہونا ہوگا۔ دو ہفتے کی تاریخ مناسب ہے، اس سے آگے نہیں جائیں گے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 7 اگست تک ملتوی کردی



