
دیرہ اللہ یار (یو این اے) جعفرآباد کے علاقے خانپور میں ولیمے کی تقریب میں پسند کا کھانا نہ ملنے پر مہمان اور میزبان لڑ پڑے۔ فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگئے اور 29 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق، جعفرآباد کے پولیس تھانہ کیٹل فارم کی حدود خانپور کے نواحی گاوں سکھیا خان دشتی میں دشتی قبیلے کے افراد کی شادی کی تقریب کا ولیمہ جاری تھا۔ سیکڑوں افراد کھانے کے انتظار میں بیٹھے تھے، میزبانوں کی جانب سے جیسے ہی کھانا پیش کیا گیا، تو چند مہمانوں نے پسند کا کھانا نہ ملنے پر اعتراض اٹھایا۔ اس پر مہمان اور میزبانوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد معاملہ ہاتھا پائی تک جا پہنچا۔ ہاتھا پائی کے دوران فائرنگ ہوئی جسکے باعث 30 افراد شدید زخمی ہوگئے اور تقریب میں شریک دیگر مہمانوں میں بھگدڑ مچ گئی۔
اطلاع ملتے ہی کیٹل فارم تھانہ کی پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال اوستہ محمد منتقل کیا۔ وہاں دوران علاج ایک زخمی دم توڑ گیا جبکہ باقی 29 زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے میزبان فریق کے چار افراد کو حراست میں لیے لیا، زخمیوں میں تین بھائی بھی شامل ہیں، اور سب کا تعلق ایک ہی قبائل سے ہے



