
گوادر ( یو این اے ) گوادر،بندری کے سمندری حدود میں دنیا کی نایاب ترین نسل کی و ہیل مرد ہ حالت میں پا ئی گئی تفصیلات کے مطابق دنیا میں انتہائی کم رہ جانے والی ’’ہمپ بیک وہیل‘‘ گوادر کی سمندری میں مردہ حالت میں دیکھی گئی۔تقریباً 16 میٹر لمبی اور تقریباً 30,000 کلوگرام (30 ٹن) وزنی مردہ ہمپ بیک وہیل کو گوادر کے علاقے بندری کے سمندری حدود میں مقامی ماہی گیروں نے سمندر میں گشت کرتے ہوئے دیکھا اور اس منظر کو اپنے موبائل فون کے کیمرے کی آنکھ سے عکس بند کرلیا۔ہمپ بیک قسم کی وہیل عام طور پر گہرے سمندر کے زیادہ گہرائی والے علاقوں میں پائی جاتی ہیں۔
واضح رہے کچھ سالوں میں بلوچستان کے سمندر میں مردہ حالت میں ہمپ بیک وہیل کئی بار پائی گئی ہیں جو کہ بحرِ عرب اور افریکہ کے سمندروں میں ان کی نسل کافی خطرے سے دوچار ہے۔وہیل کو عام طور پر مچھلی لکھ دیا جاتا ہے جو غلط ہے کیونکہ وہیل کا شمار دودھ پلانے والے جانوروں (ممالیہ) میں ہوتا ہے جبکہ وہیل کے ارتقائی آبا و اجداد آج سے کروڑوں سال پہلے خشکی پر اُن علاقوں میں رہا کرتے تھے جو آج پاکستان کا حصہ ہیں۔یہ بات دلچسپی سے پڑھی جائے گی کہ آج سے کروڑوں سال پہلے، خشکی پر رہنے والے، وہیل کے یہ آبا و اجداد اپنی جسامت اور جسمانی ساخت کے اعتبار سے کتوں/ بھیڑیوں کی طرح دکھائی دیتے تھے۔وہیل کے ارتقاء کی اہم ترین کڑیاں پاکستان ہی سے دریافت ہوئی ہیں جن میں پاکی سیٹس اور رہوڈو سیٹس‘ بطورِ خاص قابلِ ذکر ہیں۔



