
کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور جناب جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس جناب جسٹس محمد عامر نواز رانا پرمشتمل ڈویژنل بینچ نے الیکشن کمیشن کا 16مارچ کو حلقہ این اے265پر ضمنی انتخاب کانوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے مخصوص نشست پرمنورہ منیر بلوچ کو واپس بحال کردیاہے ۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر قاسم سوری اور رکن قومی اسمبلی منورہ منیر بلوچ کی جانب سے الیکشن کمیشن کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265پر ضمنی انتخابات اور معطلی کی نوٹیفکیشنز کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ سے رجوع کیاتھا ،درخواست گزاروں کی جانب سے سید ایاز ظہور ایڈووکیٹ، سید اقبال شاہ ایڈووکیٹ، شمس رند ایڈووکیٹ پیش ہوئے درخواست میں الیکشن کمیشن اور اسپیکر قومی اسمبلی کو فریق بنایاگیا تھا ڈویژنل بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کا این اے265پر ضمنی انتخابات کانوٹیفکیشن معطل کردیا جبکہ فیصلے میں خواتین کی مخصوص نشست پر منورہ منیر بلوچ کو بھی ڈی نوٹیفائی کرنے سے متعلق نوٹیفکیشن معطل کردیاہے ۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کے پی ٹی آئی کے اجتماعی استعفوں کے بعد قومی اسمبلی کے مختلف نشستوں پر 16مارچ کو ضمنی انتخابات کرانے کااعلان کیاتھا ۔



