
لاہور(یو این اے )سابق وزیراعلی چودھری پرویزالہی، مونس الہی دیگر ساتھیوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے، ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں ہم مل کر آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے پرویزالہی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ق آج سے باقاعدہ پی ٹی آئی میں ضم ہوگئی ہے، پرویزالہی اپنے 10سابق ارکان اسمبلی کے ساتھ پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے ہیں، عمران خان کی قیادت میں ہم مل کر آگے بڑھیں گے۔پرویزالہی، مونس الہی ،حسین الہی دیگر ساتھیوں نے پی ٹی آئی کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں،پرویزالہی سیسہ پلائی دیوار کی طرح عمران خان کے ساتھ کھڑے رہے۔ پاکستان مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما چودھری شافع حسین نے کہا کہ پرویزالہی مسلم لیگ ق کو پی ٹی آئی میں ضم کرنے کا فیصلہ نہیں کرسکتے۔ انہو ں نے اپنے بیان میں کہا کہ مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت ہیں اور کسی قسم کے فیصلے کا اختیار بھی وہی رکھتے ہیں۔پرویزالہی یا ان کے ساتھیوں نے اگر پی ٹی آئی میں شامل ہونا ہے تو مسلم لیگ ق سے استعفا دینا ہوگا۔ مسلم لیگ ق کے پلیٹ فورم سے پی ٹی آئی کے ساتھ ڈیل کا اقدام غیرقانونی اور غیراخلاقی ہوگا۔ دوسری جانب اعلامیہ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے پرویز الہی کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چودھری پرویزالہی کو پاکستان مسلم لیگ کے پارٹی آئین 2006 کے تحت جماعت کی بنیادی رکنیت سے برخاست کردیا گیا اور مزید جتنے عہدے انہوں بوجہ پارٹی رکنیت وصول کیے سب کو کا لعدم قرار دے دیا گیا اور آئندہ کسی بھی لحاظ سے چودھری پرویزالہی کو پارٹی سے منسلک نہ کرنے کی ہدایت کردی گئی۔اس حوالے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی صدر چودھری شجاعت کی جانب سے چودھری پرویز الہی کو 16 جنوری 2023 کو شو کاز نوٹس برائے معطلی بنیادی رکنیت بھیجا گیا۔



