
پشاور,,جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ مملکت خداداد پاکستان کے حصول میں علما کرام کا بہت بڑا کردار ہے علما نے ملک کو حاصل کرنے کیلئے جو قربانیاں دی ہیں وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں جبکہ ایک مخصوص ٹولہ بیرونی ایجنڈے کے تحت ملک میں اسلام کے خلاف کام میں مصروف ہے تاہم جمعیت علمائے اسلام اس کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے اور کسی کو ملک میں غیر ملکی ایجنڈا لانے یا نافذ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف کے ایم این اے ناصر موسی زئی کی جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت کے بعد انکی رہائشگاہ موسی زئی ہائوس میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے موقع پر شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی ‘سابق وزیر اعلی و اپوزیشن لیڈر خیبر پختونخوا اسمبلی اکرم خان درانی ‘ جمعیت علمائے اسلام میں شامل ہونے والے ممبر قومی اسمبلی ناصر خان موسی زئی،میئر پشاور حاجی زبیر علی ، سینیٹر مولانا عطا الرحمن ، جنرل سیکرٹری مولانا عطا الحق درویش ، صوبائی رہنما ارباب فاروق جان و دیگر ایم این ایز و ایم پی ایز بھی موجود تھے ۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ایم این اے ناصر خان موسی زئی کی جے یو آئی میں شمولیت تازہ ہوا کا جھونکا ہے مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنمائوں کی جانب سے جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت کے رابطے ہو رہے ہیں جس سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ عوام کی نظریں جمعیت علمائے اسلام پر ہیں اور آئندہ صوبے میں جمعیت علمائے اسلام حکومت بنائے گی۔ صوبائی رہنما ارباب فاروق جان نے کہا کہ آئندہ انتخابات تک ملک سے تحریک انصاف کا صفایا ہو جائے گا کیونکہ عوام نے انہیں مینڈیٹ دیا اسمبلیوں میں اپنی نمائندگی کرنے کیلئے بھیجا تاہم انہوں نے عوام کی مینڈیٹ کی توہین کی اور اسمبلیوں سے نکل گئے جس پر عوام ان نا بالغ سیاستدانوں سے سخت نالاں ہیں ۔ ارباب فاروق جان نے کہا کہ صوبے میں آئندہ حکومت جمعیت علمائے اسلام بنائے گی اور صوبے کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے گزشتہ دس سالہ دور حکومت میں عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان اور صوبائی وزرا کا احتساب کیا جائے اور جن جن اداروں میں کرپشن ہوئی ہے اس کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائے ۔



