
راولپنڈی ۔۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر جمعہ کے روز ملک بھر میں گوادر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا دن منایا گیا۔تمام ضلعی اور تحصیل ہیڈ کورٹرز پر پرامن احتجاجی مظاہرے کئے گئے ،جلوس نکالے گئے اور ریلیاں منعقد کی گئیں۔ سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی ملک محمد اعظم نے کہا ہے کہ راولپنڈی ضلع میں پندرہ مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے ہیں۔جن سے امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی ،ضلعی جنرل سیکرٹری عتیق احمد عباسی ،نائب امراء رضا احمد شاہ ،سید عذیر حامد ،راجہ محمد جواد اور پروفیسر محمد وقاص خان سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی اظہار خیال کیا۔ مقررین نے گوادر کے عوام کو درپیش مسائل کے حوالے سے حق دو تحریک کے مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے بلوچستان حکومت کی طرف سے دو مہینے سے پر امن دھرنا کے شرکا کو تشدد اور لاٹھی چارج سے منتشر کرنے اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے گرفتار افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ چند ماہ پہلے حق دو تحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمن کی قیادت میں گوادر کے عوام نے بے مثال اور تاریخی دھرنا دیا اور مرد و خواتین اور بچوں کے بڑے بڑے جلوس نکالے اور ریلیاں منعقد کیں۔بلوچستان کے وزیر اعلیٰ نے خود کر مطالبات کو تسلیم کیا اور ایک معاہدہ طے پایا تھا۔مگر افسوس کہ اس معاہدے پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔مقررین نے کہا کہ گوادر کی عوام نے مجبور ہو کر دوبارہ دو مہینے سے دھرنا دے رکھا تھا۔ حکومت بلوچستان نے مذاکرات کی بجائے ریاستی طاقت سے پر امن دھرنے کو کرش کیا ہے۔جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور حق دو تحریک کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے سے مسائل کا حل نکالیں



