
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق جی سی سی کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہیڈکوارٹر کے قیام کے مقام کا انتخاب منگل کو منامہ میں جی سی سی ممالک کی جوائنٹ ڈیفنس کونسل کے 23ویں اجلاس کے دوران کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد رکن ممالک کی سلامتی اور خودمختاری کا تحفظ اور مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
جاسم محمد البدیوی نے خلیجی ممالک پر ہونے والے ایرانی حملوں کے بعد ان کے درمیان فوجی تعاون اور ہم آہنگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مشترکہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں خلیجی یکجہتی کا عملی مظہر ہے۔
رپورٹ کے مطابق نئے ہیڈکوارٹر کی مکمل تفصیلات اور وہاں تعینات کی جانے والی افواج کی تعداد کے حوالے سے تاحال کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔
واضح رہے کہ خلیج تعاون کونسل میں بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں، جو خطے میں امریکا کے اتحادی ممالک بھی ہیں۔
جی سی سی نے دسمبر 2013 میں کویت میں ہونے والے سربراہی اجلاس کے دوران مشترکہ عسکری کمانڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کا بنیادی مقصد مشترکہ فوجی کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور رکن ممالک کی سرزمین، فضائی حدود، سمندری حدود اور مفادات کو ممکنہ خطرات سے محفوظ بنانے کے لیے دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط کرنا ہے۔



