
کوئٹہ (یو این اے)قلعہ عبداللہ کے علاقے جنگل پیرعلیزئی میں جاری دھرنا حکومتی وفد اور دھرنا کمیٹی کے درمیان طویل مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ختم کردیا گیا، جس کے بعد احتجاج کے باعث بند شاہراہ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو کی سربراہی میں حکومتی وفد نے دھرنا کمیٹی سے مذاکرات کیے، جن میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ بھی شریک تھے۔ مذاکرات کے دوران حکومت کی جانب سے دھرنا کمیٹی کے مطالبات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی گئی، جس کے بعد احتجاج ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ احتجاج جمہوری معاشرے میں ہر شہری کا حق ہے۔ دھرنا کمیٹی کے مطالبات پر عملدرآمد کے لیے متعلقہ انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام طبقات کو مل کر سیکیورٹی فورسز کا ساتھ دینا ہوگا۔ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور صوبے میں امن کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔



