اماراتی خاتون کا ملازم خواتین کو لاکھوں روپے مالیت کے آئی فونز کا تحفہ، خوشی سے سب کی آنکھیں نم ہوگئیں
یو اے ای کی کاروباری خاتون نے خواتین ورکرز کے دل جیت لیے، مہنگے ترین فولڈ ایبل آئی فونز تحفے میں دے دیے

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے تعلق رکھنے والی ایک کاروباری خاتون نے اپنی ملازم خواتین کو مہنگے ترین فولڈ ایبل آئی فونز تحفے میں دے کر حیران کردیا، جبکہ اس موقع پر کئی خواتین جذباتی ہوگئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یو اے ای کی ایک کمپنی کی منیجنگ ڈائریکٹر حسینہ نشاد نے اپنی خواتین ورکرز کو اچانک قیمتی تحائف دینے کا فیصلہ کیا اور متعدد گفٹ باکسز ان کی میزوں پر رکھ دیے۔
خواتین نے جب تحائف کے ڈبے کھولے تو ان کے اندر تقریبا 2 ہزار ڈالر (ساڑھے 5 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) مالیت کے فولڈ ایبل آئی فون ڈو موجود تھے، جسے دیکھ کر وہ خوشی سے نہال ہوگئیں۔
حسینہ نشاد نے صرف اپنی کمپنی کی ملازم خواتین ہی نہیں بلکہ گھر میں صفائی کا کام کرنے والی خاتون کو بھی آئی فون ڈو تحفے میں دیا۔
قیمتی تحفہ ملنے پر وہ خاتون اس قدر جذباتی ہوگئی کہ حسینہ نشاد کو گلے لگا کر رونے لگی۔
حسینہ نشاد نے انسٹاگرام پر اپنی ایک پوسٹ میں خواتین کو یہ قیمتی تحائف دینے کی وجہ بھی بیان کی۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ جانتی ہیں کہ ہر خاتون کے اپنے خواب، ذمہ داریاں اور چیلنجز ہوتے ہیں، ان کی خواہش ہے کہ ہر خاتون مضبوط بن کر ابھرے، زیادہ پراعتماد ہو اور اپنے تمام خواب پورے کرسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی خاتون کی کامیابی سے بڑھ کر انہیں کسی اور چیز پر فخر نہیں ہوتا، کیونکہ جب ایک خاتون آگے بڑھتی ہے تو وہ دوسری خواتین کے اندر بھی آگے بڑھنے کا حوصلہ پیدا کرتی ہے۔
حسینہ نشاد کے اس اقدام کو سوشل میڈیا پر بھی سراہا جا رہا ہے۔



