
کوئٹہ(یو این اے )نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان علی احمد لانگو کی قیادت میں پارٹی کے وفد نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے جنرل منیجر بلوچستان سے ملاقات کی اور کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں گیس کی قلت، کم پریشر، طویل لوڈشیڈنگ، اوور بلنگ اور نئے گیس کنکشنز کی عدم فراہمی سے متعلق عوامی مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔وفد میں نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری برائے انسانی حقوق انیل غوری، صوبائی ورکنگ کمیٹی کے رکن حاجی محمد نعیم بنگلزئی اور سابق ضلعی جنرل سیکرٹری ریاض احمد زہری شامل تھے۔ملاقات کے دوران وفد نے کہا کہ موسم سرما کی آمد اور درجہ حرارت میں کمی کے باعث کوئٹہ کے شہریوں کو گیس کی فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کلی عالم خان، کلی شابو، عیسی نگری، کلی رند آباد اور دیگر متاثرہ علاقوں میں گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے، جبکہ کم پریشر اور لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے۔وفد نے کرسچن کالونی کلی کوتوال اور بشیر مسیح آباد فیز ٹو کے مسائل پر بھی توجہ دلائی اور کہا کہ ان علاقوں میں مسیحی برادری سمیت بڑی تعداد میں لوگ آباد ہیں، لیکن رہائشیوں کو تاحال گیس کنکشن کی بنیادی سہولت میسر نہیں۔ سرد موسم میں گیس جیسی بنیادی ضرورت کی عدم دستیابی سے خواتین، بچوں، بزرگوں اور دیگر شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔نیشنل پارٹی کے وفد نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ علاقوں میں گیس پریشر بہتر بنانے، لوڈشیڈنگ ختم کرنے، اوور بلنگ کی شکایات کا ازالہ کرنے اور محروم آبادیوں کو نئے گیس کنکشن فراہم کرنے کے معاملات ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔اس موقع پر سوئی سدرن گیس کمپنی کے جنرل منیجر بلوچستان نے وفد کے مقف کو توجہ سے سنا اور متعلقہ مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔نیشنل پارٹی کے وفد نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے اور پارٹی شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنا جمہوری و سیاسی کردار ادا کرتی رہے گی۔ وفد نے زور دیا کہ کوئٹہ میں گیس کی بلاتعطل فراہمی، پریشر کی بحالی اور نئے کنکشنز کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ شہری سرد موسم میں مشکلات سے محفوظ رہ سکیں۔



