
کوئٹہ(یو این اے )نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان علی احمد لانگو کی درخواست پر ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن بشیر احمد ںڑیچ نے حاجی محمد انور لہڑی اور متعلقہ عملے کے ہمراہ کلی شابو اور عالمو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے برساتی نالے، صفائی ستھرائی اور شہری سہولیات کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر سیاسی و سماجی رہنما ظاہر ظہیر لانگو، نیشنل پارٹی تحصیل کے نائب صدر عثمان بلوچ اور علاقہ مکین بھی موجود تھے۔ علی احمد لانگو نے ایڈمنسٹریٹر کو علاقے کے بنیادی مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ برساتی نالے کی بروقت صفائی نہ ہونے کے باعث گندگی اور تعفن میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے شہریوں کو روزمرہ زندگی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ایڈمنسٹریٹر بشیر احمدبڑیچ نے موقع پر مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ برساتی نالے کی جلد مکمل صفائی کرائی جائے گی اور علاقے سے گندگی کے خاتمے کے لیے مثر اقدامات کیے جائیں گے۔علی احمد لانگو نے مرکزی سڑک پر موجود کھلے مین ہولز کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہریوں، بالخصوص بچوں، خواتین اور بزرگوں کے لیے کسی بھی وقت حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔ اس پر ایڈمنسٹریٹر نے کھلے مین ہولز کی تعمیر و مرمت اور انہیں محفوظ بنانے کے لیے جلد اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔علی احمد لانگو نے ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن بشیر احمد بڑیچ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کے لیے ان کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی شہری مسائل کی نشاندہی، ان کے حل اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطے جاری رکھے گی۔



