بلوچستانتازہ ترین

کوئٹہ سے کراچی جانے والی مزید 2 مسافر کوچز یرغمال ڈرائیور مسلح افراد ساتھ لے گئے

مسافروں کو کھلے میدان میں چھوڑنے پر ٹرانسپورٹرز کا احتجاج، کوئٹہ کراچی شاہراہ پر تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ

کوئٹہ سے کراچی جانے والی مزید 2 مسافر کوچز یرغمال ڈرائیور مسلح افراد ساتھ لے گئے
کوئٹہ سے کراچی جانے والی مزید 2 مسافر کوچز یرغمال ڈرائیور مسلح افراد ساتھ لے گئے

کوئٹہ (یو این اے)کوئٹہ سے کراچی جانے والی مزید دو مسافر کوچز کو مسلح افراد کی جانب سے ڈرائیوروں سمیت یرغمال بنائے جانے اور مسافروں کو کھلے میدان میں چھوڑ دینے کے واقعے پر ٹرانسپورٹرز نے شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے ہیں۔ٹرانسپورٹرز کے مطابق مسلح افراد دونوں کوچز کے ڈرائیوروں کو اپنے ہمراہ لے گئے، جبکہ مسافروں کو کھلے میدان میں بے یارومددگار چھوڑ دیا گیا۔ واقعے کے باعث کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر مسافر کوچز کی سکیورٹی اور مسافروں کے تحفظ سے متعلق تشویش بڑھ گئی ہے۔معروف ٹرانسپورٹرز حبیب اللہ بادیزئی، حاجی میر اکبر لہڑی، حاجی نصر اللہ دھوار اور دیگر نے کہا کہ قومی شاہراہ پر ایسے واقعات سے ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسافر محفوظ طریقے سے اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے سفر کرتے ہیں، لیکن راستے میں انہیں سنگین صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ٹرانسپورٹرز نے بتایا کہ مختلف چیک پوسٹوں پر تلاشی کے عمل کے دوران گاڑیوں کو گھنٹوں روکے رکھنے سے مسافر کوچز مقررہ کانوائے سے بچھڑ جاتی ہیں۔ ان کے مطابق طویل انتظار اور تاخیر کے باعث گاڑیوں کی ترتیب متاثر ہوتی ہے اور انہیں راستے میں سکیورٹی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیک پوسٹوں پر تلاشی کے عمل کو تیز، مثر اور منظم بنایا جائے تاکہ مسافر کوچز کانوائے سے الگ نہ ہوں اور مسافروں کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔حبیب اللہ بادیزئی، حاجی میر اکبر لہڑی، حاجی نصر اللہ دھوار اور دیگر ٹرانسپورٹرز نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام نہ ہونے سے ٹرانسپورٹ کے شعبے سے وابستہ افراد میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث مسلح افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، یرغمال بنائے گئے ڈرائیوروں کو بحفاظت بازیاب کرایا جائے اور کوئٹہ کراچی شاہراہ پر مسافر کوچز کی حفاظت کے لیے مثر اقدامات کیے جائیں۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button