
پسنی(یو این اے )ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے مختلف علاقوں سے ایک ہی روز میں چار افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جن میں سے دو کی شناخت ہوگئی ہے جبکہ دیگر دو افراد کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔پولیس کے مطابق پیر کی صبح پسنی کے علاقے چکلی سے دو افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں، جنہیں عبدالغفور ٹیچنگ ہسپتال گوادر منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں ان کی شناخت حفیظ ولد داد محمد، ساکن چکلی، اور جاوید ولد مستری بوہیر، ساکن گانو کلانچ، کے نام سے ہوئی۔حفیظ کے بھائی کے مطابق حفیظ گوادر میں زیر تعلیم تھے اور گزشتہ سال اگست سے ان کا خاندان سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ اہل خانہ نے انہیں تلاش کرنے کی کوشش کی، تاہم ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا تھا۔دوسری جانب پیر کی دوپہر مکران کوسٹل ہائی وے پر پسنی کوکونٹ فارم کے قریب مزید دو افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں، جنہیں پولیس نے دیہی مرکز صحت پسنی منتقل کردیا۔پولیس کے مطابق ان دونوں افراد کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔ ایک ہی روز میں چار لاشیں ملنے کے واقعات کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔



