بلوچستانتازہ ترینپاکستان

بلوچستان میں سیکیورٹی خدشات، بین الاضلاعی مسافر بس سروس 16 اگست تک معطل

کوئٹہ و کراچی کے درمیان چلنے والی متعدد مسافر بسیں 8 سے 16 اگست تک بند رہیں گی

کوئٹہ، کراچی، پنجگور، گوادر، تربت، خاران، واشک اور بسیمہ کے مسافروں کو مشکلات
کوئٹہ، کراچی، پنجگور، گوادر، تربت، خاران، واشک اور بسیمہ کے مسافروں کو مشکلات

کوئٹہ یو این اے بلوچستان کے مختلف اضلاع سے کوئٹہ اور کراچی سمیت دیگر شہروں کے درمیان چلنے والی مسافر بس سروس سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کوئٹہ سے پنجگور، گوادر اور تربت جبکہ خاران، پنجگور، واشک، بسیمہ، تربت اور گوادر سمیت مختلف علاقوں سے کوئٹہ و کراچی کے درمیان چلنے والی متعدد مسافر بسیں 8 سے 16 اگست تک بند رہیں گی۔ذرائع کے مطابق موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے طویل روٹس پر مسافر گاڑیاں چلانے کے بجائے عارضی طور پر سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے باعث بلوچستان کے جنوبی اور مغربی اضلاع سے کراچی اور کوئٹہ آنے جانے والے ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ٹرانسپورٹ ذرائع کے مطابق کراچی سے تربت، گوادر، پنجگور، خاران اور بسیمہ سمیت مختلف روٹس پر بھی مسافر بسوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں بلوچستان اور سندھ کے درمیان مسافروں کی نقل و حرکت کا اہم ذریعہ عارضی طور پر معطل ہوگیا ہے۔بس سروس کی بندش سے علاج، تعلیم، کاروبار، ملازمت اور دیگر ضروری امور کے لیے کوئٹہ اور کراچی کا سفر کرنے والے شہری متاثر ہوں گے۔ خصوصا بڑے شہروں کے اسپتالوں میں علاج کے لیے جانے والے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو سفری سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث مشکلات پیش آنے کا خدشہ ہے۔مسافروں کا کہنا ہے کہ متبادل ذرائع آمدورفت محدود ہونے کے باعث سفر نہ صرف مشکل بلکہ مہنگا بھی ہوسکتا ہے، جبکہ کراچی میں مقیم بلوچستان کے شہریوں کو اپنے آبائی علاقوں کا سفر کرنے میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑے گا۔ٹرانسپورٹرز کے مطابق مسافروں، ڈرائیوروں، کنڈیکٹروں اور دیگر عملے کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اسی لیے موجودہ حالات میں حساس اور طویل روٹس پر بس سروس عارضی طور پر معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ٹرانسپورٹرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر سے قبل متعلقہ ٹرانسپورٹ کمپنی سے روٹ اور بس سروس کی دستیابی کے بارے میں معلومات حاصل کریں۔ذرائع کے مطابق موجودہ شیڈول کے تحت بس سروس 16 اگست تک معطل رہے گی، تاہم سیکیورٹی صورتحال میں بہتری یا متعلقہ اداروں کی جانب سے نئی ہدایات جاری ہونے کی صورت میں ٹرانسپورٹ سروس کی بحالی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button