
کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان پولیس کے افسران اور جوانوں نے صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں اور ان کی خدمات ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھی جائیں گی۔یومِ شہدا پولیس کی تقریب سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایک حساس صوبہ ہے جہاں دہشت گردی سمیت مختلف سیکیورٹی چیلنجز درپیش ہیں، تاہم بلوچستان پولیس نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور جرات کے ذریعے قیامِ امن میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کے سیکیورٹی چیلنجز سے مثر انداز میں نمٹنے کے لیے بلوچستان پولیس کو جدید ہتھیاروں اور آلات سے لیس کیا جائے گا۔میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ بلوچستان پولیس نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہمیشہ اپنی اولین ترجیح بنایا اور ہر مشکل گھڑی میں فرض شناسی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان شہدا کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ شہدا کا احترام ہم سب پر فرض ہے کیونکہ انہی کی قربانیوں کی بدولت آج امن قائم ہے۔ انہوں نے بلوچستان پولیس کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان، پولیس، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کے باہمی تعاون سے صوبے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔



