
کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ 18ویں آئینی ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کو ہرگز چھیڑا نہ جائے جبکہ نئے صوبے بنانے کے خیال کو بھی ترک کیا جائے۔کوئٹہ میں نیشنل پارٹی کے زیرِ اہتمام شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے سامنے بلوچستان کا مقدمہ بھرپور انداز میں رکھا گیا ہے اور تجویز کردہ نکات پر عملدرآمد سے صوبے کی مجموعی صورتحال میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ 1973 کے آئین، 18ویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کا مکمل تحفظ ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے لیے بلدیاتی اداروں کو مضبوط اور بااختیار بنایا جائے تاکہ عوام کے مسائل مثر انداز میں حل کیے جا سکیں۔



