
کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور ان کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان ہر محاذ پر کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، جبکہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دلانے میں مثر کردار ادا کرے۔ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں، یومِ استحصالِ کشمیر ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کی تجدید کراتا ہے، جبکہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے اور پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔



